مستونگ ،کیچ ( مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ بلوچستان کو پاکستان کے دیگر علاقوں سے جوڑنے والی جعفر ایکسپریس کو بم سے اڑادیا گیا ، جس سے ٹرین کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ سپیزنڈ ریلوے سٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا جس سے جعفر ایکسپریس کی چھ بوگیاں الٹ گئیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس شال سے پشاور جارہی تھی، واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنانے کی کوششیں بڑھتی جا رہی ہے، چند روز پہلے بھی جعفر ایکسپریس کے ٹریک کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس سے قبل جعفر ایکسپریس کے پائلٹ انجن پر فائرنگ کی گئی تھی۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ میرآباد میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کی، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مقامی حکام نے اتوار کو تصدیق کی۔
ذرائع کے مطابق حملہ ہفتے کی رات دیر گئے ہوا جب موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے لقمان نامی شخص کے گھر پر دستی بم پھینکا، جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
دھماکے سے گھر کی دیوار اور قریبی کھڑکی کو نقصان پہنچا، تاہم کسی کے زخمی ہونے یا ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اس گروہ کا طریقہ کار ہے، جسے یہاں “ڈیتھ اسکواڈ” کے نام سے جانا جاتا ہے، اور جس پر ماضی میں ٹارگٹ کلنگ، دھماکے اور سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانے کے الزامات لگ چکے ہیں۔
یہ الزامات آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکے اور نہ ہی حکام نے حملے کی ذمہ داری کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری کیا ہے۔ بلوچستان میں “ڈیتھ اسکواڈ” کے نام سے موسوم مسلح گروہوں کے بارے میں انسانی حقوق کے کارکن طویل عرصے سے تشویش کا اظہار کرتے آئے ہیں،