کشمیر ( ویب ڈیسک ) کشمیر شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے طاقتور سیلابی ریلے کے کشمیر کے ایک ہمالیائی گاؤں میں ٹکرانے سے کم از کم 37 افراد جاں بحق ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ رواں ماہ بھارت میں دوسرا بڑا مہلک سیلابی آفات کا واقعہ ہے۔
کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’خبر انتہائی افسوسناک ہے‘، جس میں انہوں نے کشتواڑ ضلع میں شدید بارش کے نتیجے میں ’بادل پھٹنے‘ کا ذکر کیا۔
کشتواڑ کے ایک ہسپتال میں بھیڑ جمع ہوگئی جبکہ لوگ کچھ زخمیوں کو اسٹریچر پر اٹھا کر لاتے نظر آئے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اعلیٰ عہدیدار محمد ارشاد نے کہا کہ ’37 افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ لاپتا افراد کی تعداد کا کوئی اندازہ نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تباہی کے مقام سے 150 زخمیوں کو ریسکیو بھی کیا گیا ہے جن میں سے 50 شدید زخمی ہیں، سبھی کو قریبی ہسپتالوں میں بھیج دیا گیا ہے۔
قریبی گاؤں اتھولی کے رہائشی سشیل کمار نے بتایا کہ ’میں نے کم از کم 15 لاشیں دیکھی ہیں جنہیں مقامی ہسپتال لایا گیا ہے۔
کشتواڑ کے ضلعی کمشنر پنکج کمار شرما نے پہلے کہا تھا کہ ’مزید لاشیں ملنے کے امکانات ہیں۔