خیبر پختونخوا میں سیلاب نے تباہی مچا دی، مجموعی اموات 148 ہوگئی، امدادی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار

 


 پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بادل پھٹنے کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے تباہی مچادی، ڈی سی بونیر نے سیلابی ریلوں میں بہہ کر 78 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی جبکہ صوبے میں مجموعی اموات 148 تک جاپہنچی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم کے مطابق بادل پھٹنے کے نتیجے میں آنے والے سیلاب میں بہہ کر 78 افراد جاں بحق ہوگئے، پہاڑی علاقوں میں زیادہ نقصان ہوا ہے، پانی کی سطح کم ہورہی ہے، اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے، بونیر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور فلش فلڈ سے مختلف اضلاع میں نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی، پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں مختلف حادثات میں اب تک 146 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوے، جاں بحق افراد میں 126 مرد،8 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 12 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات کے نتیجے میں 35 گھر وں کو نقصان پہنچا،7 گھر مکمل تباہ ہوگئے جبکہ 28 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات باجوڑ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ،سوات، بونیر اور شانگلہ کے اضلاع میں پیش آئے، سب سے زیادہ نقصان ضلع باجوڑ اور بٹگرام میں ہوا جہاں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں مصروف ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، ہیلی کاپٹر سیلاب میں امدادی کارروائیوں کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ 

صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کے ریسکیو آپریشن میں شریک تھا کہ مہمند پنڈیالی سوکئی پہاڑی پر حادثے کا شکار ہوا۔



Post a Comment

Previous Post Next Post