تربت میں گراں فروشی اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ کی سربراہی میں انتظامیہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے گزشتہ روز تربت کے لیے نیا سرکاری نرخ نامہ جاری کیا تھا جس کے بعد آج انہوں نے ذاتی طور پر شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور نرخ نامے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ اس دوران چھاپہ مار ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں گراں فروشی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔
کارروائی کے دوران جن دکانداروں کو گرفتار کیا گیا ان میں مرغی فروش ناصر ولد اللہ بخش، مجیب ولد رسول بخش، رحیم بخش ولد عبدالقادر، سبزی فروش اعجاز ولد نزیر، فروٹ فروش جلیل ولد احمد اور رحمت اللہ ولد محمد افضل، پدچون فروش یاسر ولد محمد حسین، جاوید ولد محمد افضل اور نعمت اللہ ولد سمندر خان شامل ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد جان بلوچ کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی من مانے نرخوں پر اشیاء فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔