تربت ( ویب ڈیسک )
تحصیل تمپ کے پہاڑی علاقے میں ہونے والی بارش کے نتیجے میں نہنگ ندی میں سیلابی پانی آ گیا، جس کے باعث گومازی، ملانٹ، کوہاڈ، اسپی کہن، کسانو اور پھل آباد جیسے دیہاتوں کا زمینی رابطہ تمپ سے منقطع ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ گومازی کے مقام پر قائم نہنگ ندی پر پل کی تعمیر کا کام طویل عرصے سے التوا کا شکار ہے جس کے باعث ہر بار بارش کے بعد یہ علاقے متاثر ہوتے ہیں۔
ان دیہاتوں کے مکینوں کا روزمرہ کا دارومدار تمپ سٹی پر ہے اور ندی میں پانی آنے سے وہ شدید مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔ لوگ اپنی بنیادی ضروریاتِ زندگی سے بھی محروم ہو گئے ہیں اور آمدورفت مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔
عوام نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پل کی تعمیر مکمل کی جائے اور متبادل راستے یا امدادی اقدامات فراہم کیے جائیں تاکہ روزمرہ زندگی بحال ہو سکے۔