کولواہ ( پریس ریلیز ) امن کمیٹی بلور کولواہ کا ایک اہم اجلاس سگک میں منعقد ہوا، جس میں علاقائی مسائل، عوامی مشکلات اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں علاقے کے معززین، عمائدین اور سماجی نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ کولواہ جیسے وسیع و عریض علاقے کو حکومتی سطح پر یکسر نظرانداز کر دیا گیا ہے۔ صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات مکمل طور پر ناپید ہیں۔ علاقے میں ایک بھی رورل ہیلتھ سنٹر (RHC) موجود نہیں، جبکہ بیشتر اسکول یا تو غیر فعال ہیں، کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں یا صرف عمارت کی حد تک موجود ہیں جن میں اساتذہ تعینات نہیں۔
شرکاء نے کہا کہ اس سنگین صورتحال کی وجہ سے بچوں کا مستقبل تاریکی کی جانب گامزن ہے، اور علاقے کے عوام آج بھی جدید دور میں قرونِ وسطیٰ جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ حکومت کی مسلسل عدم توجہی نے عوام کو کسمپرسی کی حالت میں چھوڑ دیا ہے۔
اجلاس میں علاقائی امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، اور مختلف فریقین کے درمیان جاری تنازعات اور باہمی رنجشوں کو بات چیت کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کیا گیا، جسے شرکاء نے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔
اجلاس کے اختتام پر حکومتِ بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ کولواہ کی محرومیوں کا فوری نوٹس لے، صحت، تعلیم، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے، اور علاقے کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔