اسلام آباد, این ڈی ایم وفد کی بلوچ لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ سے ملاقات، رہائی اور بازیابی کے مطالبات کی حمایت

 


اسلام آباد ( بلوچستان ٹوڈے )نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کے وفد نے چیئرمین محسن داوڑ کی قیادت میں بلوچ لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کے دھرنے میں شرکت کی، جو بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کی رہائی اور جبری طور پر گمشدہ کیے گئے دیگر بلوچ افراد کی بازیابی کے لیے جاری ہے۔
این ڈی ایم کے وفد میں مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران طارق وزیر اور اسماعیل محسود، پختونخوا آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر گلبدین محسود، این ڈی ایم اسلام آباد کے چیئرمین منصور محسود، جنرل سیکرٹری ابراہیم وزیر، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر روشان یوسفزئی اور رحیم داوڑ شامل تھے۔
وفد نے مظاہرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ محسن داوڑ نے کہا کہ جبری گمشدگیاں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، اور ریاست کو فوری طور پر تمام لاپتہ افراد کو عدالتوں کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر بی وائی سی کارکنان کی گرفتاری اور ان پر مقدمات تشویش ناک ہیں اور اس رویے سے جمہوری آزادیوں کو خطرات لاحق ہیں۔
این ڈی ایم نے مطالبہ کیا کہ تمام جبری لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، اور پرامن مظاہرین کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post