بلیدہ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، ڈاکٹر دوست محمد سے مسلح ڈکیتی، انتظامیہ کی شرمناک ناکامی پر عوام سراپا احتجاج

 

بلیدہ (بلوچستان ٹوڈے)بلیدہ زامران میں امن و امان کی بدترین صورتحال نے عوام کو شدید عدم تحفظ کا شکار کر دیا ہے۔ گزشتہ شب معروف معالج اور سماجی شخصیت ڈاکٹر دوست محمد بلیدئی کو تین مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا۔ واردات کے دوران ان کی سفید کرولا گاڑی، موبائل فون اور نقدی چھین لی گئی۔

ڈاکٹر دوست محمد، جو برسوں سے بلیدہ زامران کے مختلف علاقوں میں  طبی خدمات انجام دیتے آئے ہیں، کو بھی اس سنگین واردات میں نشانہ بنایا گیا، جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں نے واقعے کو "انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور شرمناک ناکامی" قرار دیتے ہوئے بھرپور احتجاج کا عندیہ دیا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلیدہ زامران میں انتظامی مشینری مکمل طور پر مفلوج ہو چکی ہے۔ پورے علاقے میں صرف ایک ایس ایچ او ڈیوٹی پر موجود ہے، جب کہ تحصیلدار، نائب تحصیلدار اور اسسٹنٹ کمشنر عرصے سے غیر حاضر ہیں۔ بازار میں تعینات لیویز اور پولیس اہلکار بھی مبینہ طور پر گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔

عوام کا مطالبہ ہے کہ:

واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں

ڈاکٹر دوست محمد کو انصاف دلایا جائے

نااہل افسران کو معطل کیا جائے

بلیدہ زامران میں ذمہ دار، دیانت دار اور عوام دوست افسران تعینات کیے جائیں

عوامی نمائندوں اور صوبائی حکومت سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حالات کو سنبھالا نہ گیا تو علاقے میں عوامی احتجاج کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post