سوراب ( مانیٹرنگ ڈیسک بلوچ لبریشن آرمی کےترجمان جیئندبلوچ نےمیڈیاکوجاری مختصر بیان میں کہاہے کہ بلوچستان کے اہم شہر سوراب میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے شہر کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
ترجمان نے کہا ہےکہ سرمچاروں نے شہر میں واقع بینک، لیویز تھانہ، اور پولیس تھانہ سمیت اہم سرکاری تنصیبات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، جبکہ مرکزی کوئٹہ-کراچی شاہراہ اور سوراب-گدر روڈ پر بھی چیکنگ اور گشت جاری ہے۔
دوسری جانب واقعہ کے حوالے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں جمعے کی شام کو مسلح افراد کی بڑی تعداد نے منظم انداز میں مختلف سرکاری عمارتوں پر حملہ کیا۔ جس کے بعد کئی اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ بعض سرکاری گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔
تاحال حکام کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
بلوچستان میں حالیہ برسوں میں اس جیسے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے،گذشتہ سال سے بلوچستان بھر میں اس نوعیت کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جہاں بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے وقتی طور پر علاقوں یا اہم شاہراہوں پر قبضہ جماتے ہیں۔
بلوچستان میں ایسے واقعات کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی فوج کا کنٹرول بلوچستان میں کمزور ہو رہا ہے، جبکہ بلوچ آزادی پسند کی گرفت مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ یہ صورت حال ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان کی بلوچستان میں حکمت عملی مؤثر ثابت نہیں ہو رہی۔ اس کے برعکس، آزادی پسند مزید فعال ہو گئے ہیں۔