سوراب ، خضدار کے بعض علاقے حساس قرار، فوجی آپریشن جاری ، کولواہ بلوچ سرمچاروں اور ڈیتھ اسکواڈ کے درمیان شدید جھڑپیں جاری

 


خضدار سوراب ،کولواہ ( مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان کے اضلاع سوراب اور خضدار کے تحصیل زھری کے متعدد علاقے آج شام چار بجے سے حساس قرار دیے گئے ہیں جبکہ علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن کی جارہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان علاقوں کا رخ نہ کریں اور غیر ضروری طور پر پہاڑی یا متاثرہ علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔


اسسٹنٹ کمشنر زھری کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق انجیرہ، نجیرہ، ارچینو، گرماپ، گزان، بلبل اور ان سے ملحقہ علاقوں میں ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔


ذرائع کے مطابق ان علاقوں میں اس وقت فوجی آپریشن جاری ہے۔ پاکستانی فورسز کی چالیس سے زائد گاڑیاں کارروائی میں مصروف ہیں۔ جبکہ بڑی تعداد میں اہلکار علاقے میں تعینات کیے گئے ہیں۔


علاوہ ازیں کولواہ کے علاقہ گشانگ میں بلوچ سرمچاروں اور ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، جبکہ فورسز کے چار گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو جائے وقوعہ کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔


مقامی ذرائع کے مطابق کولواہ میں آج ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکار چار موٹرسائیکلوں اور ایک زمیاد گاڑی میں مسلح ہو کر علاقے میں گشت کر رہے تھے کہ ان پر مسلح افراد نے حملہ کردیا ،حملے میں ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔


دریں اثناء ضلع آواران گزشتہ شام چھ بجے جھاؤ نونڈرہ کے علاقہ کُچ میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے کیمپ کو حملے میں نشانہ بنایا ۔ حملہ کافی دیر تک جاری رہا جس دوران کافی دیر تک فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post