کوئٹہ ( مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان کے ضلع پنجگور میں گزشتہ رات پاکستانی فورسز نے فائرنگ کرکے تاپلو زامران کے رہائشی نوجوان لعل جان ولد الٰہی بخش کو قتل کردیا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب فورسز نے ایک چلتی ہوئی سول گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لعل جان نامی نوجوان موقع پر جاںبحق ہوگیا۔
لواحقین کے مطابق پاکستانی فورسز نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے لعل جان جانبحق ہوا۔ انہیں آج تربت میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
علاوہ ازیں قلات میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان قتل، ملزمان فرار۔ پولیس ذرائع کے مطابق قلات میں مغلزئی کے قریب کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات منتقل کر دیا گیا جہاں پر مقتول کی شناخت 24 سالہ محمد رمضان ولد محمد عارف قوم لہڑی سکنہ کوئنگ قلات کے نام سے کیاگیا ہے ، فوری طور پر قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکے ہیں۔ ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاءکے حوالے کردیا گیا ہے مزید تحقیقات پولیس کررہی ہے۔
ادھر سندھ شکار پور کے قریب فائرنگ کے واقع میں نصیرآباد بلوچستان کے رہائشی نصیراحمد ولد محمد یوسف نامی شخص قتل ہواہے۔
دریں اثناء سبی معمولی تکرار پر فائرنگ، نواب زادہ بارو خان باروزئی کے گن مین نے شہری کو زخمی کر دیا ۔
سبی نواب زادہ بارو خان باروزئی کے گن مین نے معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو زخمی کر دیا۔
ایدھی ذرائع کے مطابق، واقعے میں ممتاز رند نامی شخص کو گولی مار کر زخمی کیا گیا، جسے فوری طور پر سول ہسپتال سبی منتقل کر دیا گیا یے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
پشین ابراہیم زئی کے مقام پر ڈاکووں اور لیویز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو اہلکاروں زخمی ہوگئے ،جبکہ لیویز کی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو زخمی ہوگئے اور دیگر ڈاکو فرار ہوگئے ۔ زخمی ڈاکووں کو گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔