شال (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سینئر نائب صدر ساجد ترین، آغا حسن بلوچ، عوامی نیشنل پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی کے رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے بی این پی کے لانگ مارچ کا راستہ روکنے کیخلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلوچستان بھر میں کل شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔
انھوں نے پریس کانفرنس دوران کہاکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد مزید احتجاج کا اعلان کل کیا جائے گا۔
ساجد ترین نے کہا کہ حکمران سازش کے تحت عوام کو نفرت کے راستے پر ڈالنا چاہتے ہیں، 28 مارچ سے اب تک ایک گملہ نہیں ٹوٹا ہم پر امن احتجاج کررہے ہیں، بی این پی کا لکپاس پر بلوچ ننگ و ناموس دھرنا 10 ویں دن میں داخل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج لانگ مارچ شال کی طرف روانہ ہونے کا اعلان کیا تھا، لکپاس سے لانگ مارچ کو شال آنے سے روکنے کے لیے بھاری فورس تعینات کردی گئی ہے۔
ساجد ترین نے کہا کہ لانگ مارچ روکنے کے لیے پولیس کے علاوہ ایف سی اور فوجی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں، قافلوں کو دھرنے میں شرکت سے روکنے کے لیے منگوچر پر مرکزی شاہراہ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
بی این پی مینگل کے رہنما نے کہا کہ حکومت پر امن احتجاج کو ڈنڈے کے زور پر روکنے کی کوشش کررہی ہے، حکومت کے جمہوری عمل کے خلاف طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں، لانگ مارچ 28 مارچ کو وڈھ سے روانہ ہوا تھا، جو اس وقت مستونگ میں لکپاس کے مقام پر موجود ہے۔
ساجد ترین نے کہا کہ جمہوری اور وطن دوست سیاسی جماعتوں نے ہمارا ساتھ دیا، انتظامیہ نے رکاوٹیں لگا کر تصادم کا ماحول بنانے کی کوشش کی، جسے ہم نے ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے عوامی احتجاج کو بھونڈے انداز سے روکا جارہا ہے۔