بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانئی بابا میں پاکستانی فورسز سی ٹی ڈی نے ایک کارروائی کے دوران 9 مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق مارے جانے والے افراد مختلف مقدمات میں مطلوب تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی، اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سی ٹی ڈی نے دکی میں ایک آپریشن کے دوران 5 افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جو بعد میں جعلی مقابلہ ثابت ہوا۔ اس کارروائی میں پہلے سے جبری لاپتہ افراد کو قتل کر کے ان کی لاشیں پھینک دی گئی تھیں، جن میں سے تین افراد کی شناخت لاپتہ افراد کے طور پر ہوئی۔
تاہم آج کی کارروائی پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے کیونکہ مارے جانے والے افراد کی تفصیلات تاحال منظر عام پر نہیں آئیں۔ خدشہ ہے کہ یہ بھی جعلی مقابلہ ہو سکتا ہے جس میں ممکنہ طور پر پہلے سے لاپتہ افراد کو ہلاک کردیا گیا ہے۔