کوئٹہ سبی شاہراہ بندش، بی این پی کے رہنماوں اور درجنوں کارکنان کیخلاف مقدمہ درج۔

 


کوئٹہ( مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)کے مرکزی قائدین اور کارکنان کے خلاف کوئٹہ سبی قومی شاہراہ کی بندش پر نیو سریاب تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر ایس ایچ او نیو سریاب کی مدعیت میں درج کی گئی، ایف آئی آر میں بی این پی کے ساجد ترین ایڈووکیٹ ،مرکزی سیکریٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ، سیکریٹری انسانی حقوق احمد نواز بلوچ، موسی بلوچ، ضلعی صدر غلام نبی مری، غلام رسول مینگل سمیت 45 سے 50 کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بی این پی نے گزشتہ روز بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر احتجاجی دھرنوں کاگ اعلان کیا تھا، جس کے تحت کوئٹہ سبی قومی شاہراہ کو بھی بند کیا گیا تھا۔ دوسری جانب بی این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے مقدمے کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور اس کی حمایت یافتہ سرفراز حکومت پارٹی رہنماوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کروا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مارشل لا کے دور میں بھی اس طرح کی درجنوں ایف آئی آرز درج ہوئیں، مگر بی این پی کے کارکنان اور قیادت ان سے خوفزدہ نہیں ہوئے۔ ان کے بقول اگر آمروں کے مقدمات بی این پی کو نہیں جھکا سکے تو اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلی حکومت بھی ناکام رہے گی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post