مستونگ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بلوچ یکجہتی کمیٹی مستونگ زون، ساروان ریجن کی جانب سے ہفتہ 11 جنوری کو بلوچ شہداء اور ماورائے عدالت قتل کے متاثرین کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آگاہی مہم موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی بس اڈہ مستونگ سے شروع ہو کر کلی دتو کے قبرستان تک پہنچی، جہاں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، شاہ جی صبغت اللہ، بیبرگ بلوچ، اور دیگر نے سنگت ثنا سمیت دیگر بلوچ شہداء کی قبروں پر بلوچی چادریں چڑھائیں، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، اور ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد انکے ہمراہ موجود تھی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ بلوچ قوم شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 25 جنوری 2025 کو دالبندین میں ایک قومی اجتماع منعقد کیا جائے گا، جس کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ بلوچ قومی نسل کشی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ ہم دنیا کو یہ باور کرائیں گے کہ نہ ہماری قوم لاوارث ہے اور نہ ہی ہماری سرزمین یہ لاوارث لاشیں اور قبریں درحقیقت ہمارے عظیم شہداء کی نشانی ہیں۔ میں تمام بلوچ قوم سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ 25 جنوری کو دالبندین میں منعقد ہونے والے قومی اجتماع میں بھرپور شرکت کریں اور یہ ثابت کریں کہ ہم اپنے شہداء کے وارث ہیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے آرگنائزرز نے عوام پر زور دیا کہ وہ شہداء کے نظریے اور جدوجہد کو زندہ رکھیں اور ظلم و ناانصافی کے خلاف اجتماعی مزاحمت کو مضبوط کریں۔