مستونگ ( پریس ریلیز) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن مستونگ زون کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں مستونگ کے نڈر اور بے باک صحافی نیاز بلوچ پر ہونے والے تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انھوں نے کہاہے کہ نیاز بلوچ ایک بااصول صحافی ہیں، جو ہمیشہ ظلم، ناانصافی، اور جبر کے خلاف کھڑے رہتے ہیں۔ اپنی بے خوف صحافت کے ذریعے وہ نہ صرف حقائق کو عوام کے سامنے لاتے ہیں بلکہ مظلوموں کی آواز بن کر ان کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔
حال ہی میں، مستونگ کی کرپٹ اور ظالم پولیس نے اپنی بداعمالیوں کو چھپانے کے لیے نیاز بلوچ پر بہیمانہ تشدد کیا۔ اس دوران پولیس نے نہ صرف ان پر جسمانی تشدد کیا بلکہ ان کا موبائل بھی چھین لیا تاکہ ان کے پاس موجود شواہد اور معلومات کو مٹایا جا سکے۔ یہ اقدام ان کی آواز کو دبانے کی ایک کوشش ہے کیونکہ نیاز بلوچ نے ہمیشہ طاقتوروں کے ظلم کو بے نقاب کیا اور مظلوموں کا ساتھ دیا ہے۔
ترجمان نے کہاہے کہ اس واقعے نے نہ صرف صحافی برادری بلکہ عوام کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، جو اس ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ نیاز بلوچ جیسے بہادر صحافی ہمارے معاشرے کے لیے مشعل راہ ہیں، اور ایسے مظالم کے باوجود ان کے حوصلے بلند رہیں گے۔ وہ حق اور سچ کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن مستونگ زون متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ ہر فورم پر صحافی نیاز بلوچ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔