کوئٹہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ،ویب ڈیسک ) بلوچستان کے علاقے چمالنگ میں گزشتہ رات نامعلوم افراد نے پاکستانی فورسز کو بم حملے میں نشانہ بنایا ۔۔
تفصیلات کے مطابق چمالنگ کے علاقے ٹریپل موڑ کے مقام پر پاکستانی فورسز کی گاڑی کو آئی ڈی دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔ تاہم ہلاکتوں کے حوالے سے حکام کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری جانب چمالنگ میں ٹرکوں پر فائرنگ میں زخمی ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ، ڈپٹی کمشنر نے ہرنائی تا سنجاوی روڈ پر کوئلے سے لوڈ ٹرک گاڑیوں کو روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چمالنگ میں ٹرک گاڑیوں کو جلانے اور ان پر فائرنگ کے واقعات کے بعد ہرنائی میں سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ضلعی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے حکم پر ہرنائی تا سنجاوی روڈ پر کوئلے سے لوڈ ٹرک گاڑیوں کو سفر کرنے سے روک دیا ہے۔
آپ کو علم ہے گذشتہ روز چمالنگ میں نامعلوم افراد نے کوئلے سے لوڈ ٹرکوں آگ لگادی تھی۔
لیویز کے مطابق تین ٹرکوں کو فائرنگ کرکے آگ لگا دی گئی، جن میں دو کوئلے سے لوڈ تھے جبکہ ایک خالی تھا۔
آج ٹرکوں کے روکنے کی وجہ سے ہرنائی تا سنجاوی روڈ پر ٹرک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ٹرکوں پر ہونے والے حملے میں زخمی ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ہے، زخمی ڈرائیور حبیب اللہ حمزازئی کو علاج کے لئے ملتان منتقل کیا گیا تھا ڈرائیور کا تعلق میختر سے ہے۔
دریں اثناء ضلع قلات مہلبی کے قریب مرکزی شاہراہ پر سنگ مرمر لیجانے والی ٹرک پر مسلح افراد کی فائرنگ اور ٹرک کو آگ لگائے جانے کی وجہ سے ٹرک ڈرائیور شدید زخمی ہوا ہے ۔
بعد ازاں زخمی ڈرائیور کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔