کوئٹہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) جھل مگسی کے علاقہ میں دو فریقین کے درمیان شدید فائرنگ سے ایک خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جھل مگسی کے علاقہ یونین کونسل ہتھیاری کے گاوں گزکھڑ میں دوفریقین وزدانی اور کٹوہر میں شدید فائرنگ کے تبادلہ میں ایک خاتون کے علاوہ نظام علی ولدحاکم علی شدید زخمی ہو گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ کی ہدایت پر لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی اور فائرنگ بند کرانے کے ساتھ زخمیوں کو آر ایچ سی جھل مگسی پہنچایا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما عبدالرحمان شاہوانی زخمی ہو گئے ،تفصیلات کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما عبدالرحمان شاہوانی زخمی ہو گئے ،واقعے کے بعد نامعلوم افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔
علاوہ ازیں نوشکی پاک ایران بین الاقوامی شاہراہ این 40 رحمن زئی مل کے قریب زمباد گاڑی اور موٹر سائیکل کے حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار ھلاک اورایک شخص زخمی ہوگیا زخمی کو ٹیچنگ ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔
دریں اثناء ضلع آواران میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر( ڈی ای او )آواران نیاز اللہ سمالانی حادثے کا شکار ہوگیا جسے مذید علاج کے لئے کراچی منتقل کردیا گیا ۔
بتایا جارہاہے کہ ان کا سینہ اور پہلو حادثے کی زد میں آئے ہیں ۔