کیچ ( نامہ نگار ) بلوچستان ضلع کیچ کے تحصیل مند کے شہری مسلح سرکاری جتھوں کی رات کے اندھیرے میں لوٹ مار اور دہشت گردی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کے گھروں میں گھس کر انہیں لوٹا جا رہا ہے اور سکیورٹی اہلکار اس حوالے سے کوئی کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں جس کا مطلب ایسے گروہوں کی سرپرستی سرکاری سطح پر کی جارہی ہے۔
مند کے شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ سیاسی شخصیات اور عوامی نمائندوں کو بخوبی معلوم ہے کہ یہ مسلح افراد کون ہیں اور کس کے اشارے پر یہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے پاس اسلحہ اور سیکیورٹی کہاں سے آتی ہے عوام یہ سب جانتے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ان کے منتخب نمائندوں نے ان مسلح افراد کی گرفتاری کے لیے کوئی سخت کارروائی نہ کی تو وہ مزید سخت احتجاج کریں گے۔
مظاہرین نے یہ بھی کہا کہ مقامی انتظامیہ سکیورٹی اہلکار ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے گریزاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کا کام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے لیکن یہاں سکیورٹی اہلکار خود اپنی حفاظت میں مصروف ہیں اور انکے چیلے عوام کو تاریکی میں لوٹ رہے ہیں۔