خضدارزیروپوائنٹ سورگزکے مقام پرتیز رفتار ڈمپر گاڑی نے موٹرسائیکل کوکچل دیا جس کی وجہ سے ڈمپر موٹرسائیکل سواروں پر الٹ گیا ۔
موٹر سائیکل پرسواردونوجوان 16 سالہ محمد انس ولد عبدالغنی گرگناڑی اور 15 سولہ محمد سلمان ولد عبدالواحد زہری ساکنان کھنڈ خضدار موقع پر ہلاک ہوگئے ۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کرڈمپرگاڑی کو تحویل میں لےلیا ۔
دوسری جانب خضدار فیروز آباد سے موٹرسائیکل سوار دو نوجوان اسٹیل مل کے قریب موٹرسائیکل پسل جانے سے گر کر زخمی ہوگئے ۔
حب ندی میں نہاتے ہوئے دو بچیوںسمیت ایک خاتون گہرے پانی میں ڈوب گئیں ، پانی میں ڈوبنے سے 7سالہ سیماں حیات کی نعش نکال کر جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال حب منتقل کردیا گیا جبکہ ایک خاتون اور ایک بچی کو زندہ بچا لیا گیا ندی میں ڈوبنے والوں کا تعلق کراچی کے علاقہ یوسف گوٹھ سے بتایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ حب وکراچی میں شدت کی میں اضافہ اور درجہ 46سے 47ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے اور لو لگنے سے بچائو اور گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے کراچی سمیت حب کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے حب ندی کا رخ کرلیتے ہیں ۔
بتایا جارہاہے کہ مرد ،خواتین ،بچے دن بھر پانی میں نہانے آتے ہیں مگر حب ندی میں گہرے گڑھوں کے سبب ڈوبنے کے واقعات رونما ہو تے ہیں اس حوالے سے حب کے عوامی حلقوں نے حب ضلعی انتظامیہ سے حب ندی میں نہانے پر فوری پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
دریں اثناء لسبیلہ کے پہاڑی علاقے سب ڈویژن کنراج کے علاقے نورا جاموٹ گوٹھ کا رہائشی رسول بخش ولد عثمان قوم جاموٹ نامی شخص اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ دودر کیمپ پروجیکٹ کے ایریا میں پب جبل پر شکار کی غرض سے گیا تھا کہ اچانک ان کے ساتھیوں میں سے ایک ساتھی کی طبعیت خراب ہوگئی جس کو لیکر واپس آ رہے تھے کہ رسول بخش پہاڑی علاقے میں غائب ہو کر لاپتہ ہوگیا ۔
خدشہ ہے کہ وہ شدید گرمی کی وجہ سے پیاس کی شدت کے باعث بے ہوش ہوگیا ہوگا جس کی تلاش کے لیے مقامی لوگ مختلف ٹولیوں کی شکل میں پب جبل میں نکل گئے ہیں ۔مگر تاحال اس کا کوئی پتہ نہیں چل رہا ہے۔
تلاش میں مصروف ایک شخص جس کا نام اصغر جاموٹ بتایا جاتا ہے سانپ کے ڈسنے سے متاثر ہو گیا جس کو مقامی لوگوں نے ریسکیو کرکے دودر کیمپ پروجیکٹ پہنچایا علاقے کے مکینوں نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رسول بخش ولد عثمان جاموٹ کی تلاش اور ریسکیو کے لیے ڈرون کیمروں یا ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا جائے۔ تاکہ اس کو بروقت ریسکیو کیا جائے کیونکہ دشوار گزار پہاڑی سلسلے میں اس شدید گرمی میں پیدل چل کر اس کو تلاش کرنے میں مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔