مند میں 3 دھماکے ،سوراب میں دھماکہ، پانچ افراد زخمی،حب پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈکیت ہلاک

 


کیچ کے علاقے مند میں 3 زور دار دھماکوں کی آوازیں، دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے اور نہی یہ معلوم ہوسکا ہے کہ دھماکوں کا نشانہ پاکستانی فوج اور خفیہ ادارے تھے ۔

علاوہ ازیں  سوراب میں گیس لیکچ کے باعث دھماکہ، پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کلی رودینی زیرینہ میں گیس لیکچ کے باعث دھماکہ ہوا جس کے باعث پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج معالجے کے لئے شال منتقل کردیا گیا، مزید کارروائی جاری ہے۔

دریں اثناء  جمعہ کے روز حب شہر میں صدر تھانہ کی حدود میں کراچی بس اسٹاپ کے قریب بنک سے رقم نکلوا کر گھر جانے والے شہری رئیس عبدالرشید کو تین مسلح ملزمان نے گھیر لیا اور گن پوائنٹ پر رقم چھین لی اور فرار ہو نے لگے۔

اس موقع پر متاثر ہ شہری کے شور مچانے پر قریب موجود دیگر شہریوں نے ڈاکوﺅں کو پکڑنے کیلئے پیش قدمی کی تو مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی تاہم شہریوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا اور خوب دھلائی کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا تاہم اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور فرار ہونے والے ملزمان کا تعاقب کیا۔

بعدازاں حب ندی میں پہنچنے پر ملزمان اور پولیس کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک ملزم جسکی شناخت فاروق چانڈیو ساکن صفورہ گوٹھ کراچی کے نام سے ہوا ہے گولی لگنے سے زخمی ہو گیا بعدازاں دم توڑ گیا ۔

پولیس کے مطابق ملزم اپنے ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک ہوا ہے پولیس کے مطابق ایک زیر حراست ملزم لیاقت علی سے ڈیڑھ لاکھ روپے برآمد کر لیئے گئے ہیں ۔ ملزمان کا تیسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ ماہ رمضان المبارک سے قبل شروع ہونے والی وارداتوں میں پولیس کی مسلسل ناکامی کی وجہ سے حب کے شہریوں اور تاجروں پر خوف طاری تھا کہ ایک مرتبہ پھر سے ڈکیت گروہ سرگرم ہو گیا ہے ۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب سے ضلع پولیس حب کے نئے ایس پی تعینات ہوئے ہیں تب سے وارداتوں کی لہر آئی ہے۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ ایس پی پولیس نے تمام افسران کو مبینہ طور پر مال کمانے پر لگا یا ہوا ہے جسکی وجہ سے پولیس افسران بالخصوص SHO,s نے بے بس ہو کر عوام کو چوروں اور ڈاکوﺅں کے رحم وکرم پر چھوڑرکھا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post