پاکستان کوسٹ گارڈ کیخلاف ٹرانسپورٹرز کا احتجاج ، شاہراہ بند

 

بلوچستان کے علاقے اوتھل میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے رویے کیخلاف ٹرانسپورٹرز نے شاہراہ بند کردیا اور انتظامیہ کو3 روز کا الٹی میٹم دیدیا۔ تفصیلات کےمطابق مقامی  ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے پاکستان کوسٹ گارڈز کی بھتہ گیری و زیادتیوں کے خلاف اوتھل کے مقام پر احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ سینکڑوں گاڑیاں روڈ پر کھڑی کرکے احتجاجی کیمپ لگا دیاگیا ہے۔


مظاہرین  نے تین روز کا الٹی میٹم دیدیا ہے ۔3روز میں مطالبات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں چوتھے روز شال کرا چی شاہراہ کو بلاک کرکے سندھ بلوچستان کا زمینی رابطہ منقطع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

گاڑیوں پر سیاہ پرچم لہرادیئے گئے جبکہ مختلف لوگ احتجاجی کیمپ میں آکر کوسٹ گارڈز کی زیادتیوں کے خلاف ٹراسپورٹرز سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔

ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک حاجی داد محمد اچکزئی اور ملاں بہرام خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل میں اپنی چیک پوسٹ قائم کررکھی ہے جبکہ ضلع حب میں الگ سے مسافرگاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے مسافرکوچز کو چیکنگ کے نام پر کوسٹ گارڈز کے اہلکاروں وافسران نے مبینہ طور رشوت خوری کا بازار گرم کررکھاہے ۔

انھوں نے کہاکہ گھنٹوں گھنٹوں گاڑیوں کو روک کرتلاشی کے نام پر کوچزمالکان اور مسافروں کو تنگ کیا جا تاہے جبکہ مسافر کوچوں سے بھتہ طلب کیا جارہاہے ۔آخر بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ یہ ظلم کیوں کیا جارہاہے۔ اوتھل میں کوسٹ گارڈز کی چیک پوسٹ قائم ہے لیکن پھر ساٹھ کلومیٹر دور ناکہ کھاڑی چیک پر مسافرکوچوں کو روک کرتلاشی لی جارہی ہے جو مسافرکوچز کے ساتھ ظلم کی انتہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کوسٹ گارڈز کے مظالم کے خلاف تنگ آکر آج ہم نے اپنی گاڑیاں روڈ کے سائیڈپرکھڑی کردی ہیں اور اس ظلم کے خلاف احتجاجی کیمپ قائم کیا گیاہے اگر تین روز کے اندر اندر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو چوتھے روز اپنی گاڑیاں روڈ پر کھڑی کرکے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بلاک کردیا جائے گا اور کوسٹ گارڈزچیک پوسٹ اوتھل کے گیٹ کے سامنے دھرنا بھی دیا جائے گا پھر اس ساری صورتحال پر کوسٹ گارڈز ذمہ دار ہوگی۔

 احتجاجی کیمپ میں عوامی نیشنل پارٹی لسبیلہ وحب کے صدر لالہ منان افغان پہنچ گئے اور المحمود ٹرانسپورٹ کے مالک حاجی داد محمد اچکزئی سے ملاقات کی اور ان سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے انکے موقف کی حمایت کی اس موقع پر لالہ منان افغان کا کہنا تھا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز مسافرکوچز کو بلاجواز تنگ کرنا بندکرے اگر یہ سلسلہ یونہی جاری رہاتو ہم بھی اس احتجاج میں شامل ہوجائیں گے اور اس احتجاج کو مزید وسعت دیکر بلوچستان اسمبلی کے سامنے بھی دھرنا دیاجائے گا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post