شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے خیبرپختونخوا اسمبلی سے آزادامیدوار ملک کلیم اللہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب تربت میں بھی مسلم لیگ ن کے امیدوار اسمبلی اسلم بلیدی پر فائرنگ کی گئی ہے اور وہ زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا ہے کہ نامعلوم افراد نے شمالی وزیرستان کے گاؤں تپی میں آزاد امیدوار ملک کلیم اللہ کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اسلم بلیدی پر بلوچستان کے علاقے تربت میں حملہ ہوا ہے اور وہ فائرنگ سے زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا ہے کہ اسلم بلیدی کو نامعلوم افراد کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اسلم بلیدی میر عیسیٰ قومی پارک میں چہل قدمی کر رہے تھے اس دوران انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
یاد رہے کہ اسلم بلیدی آئندہ عام انتخابات میں این اے 258 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔
ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ اسلم بلیدی کو 4 گولیاں لگی ہیں، انہیں اب کراچی کے اسپتال میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
اسلم بلیدی کو کس نے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور اس کی وجوہات کیا تھیں اس حوالے سے ابھی تک تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔