پاکستان کی بیشتر صنعتیں بند،پیٹرول ، بجلی، گیس مہنگی

 


کراچی(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک ) مہنگائی اور پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافے کے باعث ملک کی بڑی صنعتوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، رواں مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی)کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.09فیصد کی کمی واقع ہو ئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات نے ماہانہ بڑی صنعتوں کی پیداوار کے اعداد و شمار جاری کردئیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق جولائی 2022 کے مقابلے میں جولائی 2023 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.09 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق جون 2023 کے مقابلے میں جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.62 فیصد کی کمی ہوئی، رواں مالی سال جولائی میں آٹو موبیل سیکٹر کی پیداوار میں 66.11 فیصد کمی رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول، ڈیزل، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے صنعتوں کی پیداواری لاگت میں ریکارڈ اضافہ ہوا جس کے باعث کئی صنعتیں بند ہو چکی ہیں، درجنوں بڑی صنعتوں میں پیداواری دورانیہ کم کر دیا گیا جس سے لارج سکیل مینوفیکچرنگ منفی زون سے باہر نہ آ سکی ہے۔رواں سال جولائی 2023 میں ملک کی بڑی صنعتوں اور فیکٹریوں میں سب سے بڑی کمی آٹوموبیل سیکٹر میں ریکارڈ کی گئی ہے جہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پیداوار میں 66 فیصد تک کمی نظر آئی ہے۔


Post a Comment

Previous Post Next Post