بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بی این ایم جنیوا میں تین روزہ مہم چلائے گی



بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این  ایم) نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (UNHRC) کے 54ویں اجلاس  کے موقع پر ایک جامع آگاہی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ 


اس مہم کا مقصد بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بات کرنا اور بلوچ عوام کی جدوجہد کے بارے میں عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنا ہے۔ بی این ایم  اس موقع پر بلوچستان کی سنگین صورتحال کی طرف توجہ دلانے کے لیے تین روزہ نمائش، احتجاجی مظاہرہ اور سوشل میڈیا مہم کا اہتمام کر رہی ہے۔


28 سے 30 ستمبر تک، بی این  ایم جنیوا میں یو این ایچ آر سی کے اجلاس کے موقع پر ایک تین روزہ  نمائش رکھے گی ۔ جس میں بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی المناک داستان بیان کیے جائیں گے۔


مذکورہ پروگرام کے ذریعے بلوچ قوم پر ڈھائے گئے مظالم کو اجاگر کرکے اس کی جدوجہد کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔اس نمائش میں تصاویر اور دستاویزی رپورٹس کے ذریعے بین الاقوامی مندوبین اور اقوام متحدہ کے اجلاس کے شرکاء میں بلوچستان کی انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں بیداری پیدا کی جائے گی۔


28 ستمبر کو، مقامی وقت  کے مطابق 2 سے 4 بجے تک  بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف بی این ایم کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ یہ مظاہرہ جنیوا میں یو این ایچ آر سی سیشن کے مقام کے باہر (بروکن چیئر میں) کیا جائے گا۔ احتجاج کا مقصد بلوچ عوام کی حالت زار کی طرف توجہ مبذول کرانا اور  بلوچوں پر مظالم کو روکنے کے لیے متعلقہ حکام پر دباؤ ڈالنا ہے۔


نمائش اور احتجاجی مظاہرے کے علاوہ، بی این ایم نے اپنے اراکین اور حامیوں سے مہم کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا بھرپور استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔


فیس بک، ایکس (سابقہ ٹویٹر) اور انسٹاگرام سمیت مختلف آن لائن چینلز کے ذریعے، بی این ایم  وسیع تر سامعین تک پہنچنا اور دنیا بھر سے دردمند انسانوں کو اس مہم میں شامل کرنا چاہتی ہے۔بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق تصاویر، ویڈیوز اور معلومات کے پھیلاؤ سے، بی این ایم بلوچ تحریک کے لیے عالمی حمایت اور یکجہتی پیدا کرنے کی امید رکھتی ہے۔


جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں بلوچ نیشنل موومنٹ کی مذکورہ آگاہی مہم بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالنے کی بی این ایم کی ماضی کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ نمائش، احتجاجی مظاہرے، اور سوشل میڈیا مہم کے ذریعے، بی این ایم کا مقصد بلوچ عوام کو درپیش جدوجہد کے لیے بین الاقوامی توجہ اور حمایت حاصل کرنا ہے۔یہ مہم بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ داران کو عالمی سطح جوابدہ ٹھہرانے کی مسلسل کوشش کا بھی حصہ ہے۔


بی این  ایم عالمی بردادری پر زور دیتی ہے کہ وہ بلوچستان کی سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری کارروائی کرے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post