مراکش میں تباہ کن زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 820 تک پہنچ گئی،سینکڑوں زخمی



مراکش میں شدید نوعیت کے زلزلے کے باعث 820 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے، کئی مکانات، مساجد اور کاروباری مراکز مٹی کا ڈھیر بن گئے۔


غیر ملکی میڈیا کے مطابق مراکش میں تباہ کن زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 820 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ زلزلے میں زخمی افراد کی تعداد 672 بتائی جارہی ہے۔ مراکشی وزارت داخلہ نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔


امریکی جیولوجیکل سروے کے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مراکش کے جنوب مغربی علاقے میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔


زلزلے کا مرکز مراکش شہر سے 75 کلومیٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔


مقامی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دی گئی تاریخی عمارتیں بھی زلزلے سے محفوظ نہ رہ سکیں جبکہ شدید زلزلے کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔


مراکشی حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 820 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جاچکی ہے، جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے جنہیں مختلف طبی امداد کی فراہمی کے لئے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post