کراچی : جیئے سندھ متحدہ محاذ کے چیئرمین شفیع برفت نے جاری بیان میں کہاہے کہ فوج اورجاگیردار طبقے کے لئے پاکستان بنایا گیا تھا، کیوں کے انگریز سامراج ہندستان کو تقسیم کرنے کے بعد اس خطے میں اپنے مفادات کے لئے ایک پولیس چیک پوسٹ کے ذریعے موجود رہنا چاہتا تھا جس پولیس چیک پوسٹ کا نام پاکستان ہے، کیوں کے پنجابی فوج اور جاگیردار طبقہ انگریزوں کے آزمائے ہوئے دلال حلقے تھے لہذا ان کے حوالے پاکستان نام کی پولیس چوکی قائم کی گئی اور پاکستان میں تاریخی قوموں کو غلام بنا کر ان کے وسائل کو پنجاب کے حوالے کرنا اور پنجاب کی عددی اکثریت کے لئے استعمال کرنا پاکستان کا اندرونی مقصد اور بنیادی نظریہ تھا ۔
انھوں نے کہاہے کہ خطے میں عالمی قوتوں کے لئے ایک وفادار کتے کا کردار نبھانا پاکستانی ریاست کی عالمی ایجنڈا تھی جس پر وہ آج تک عمل پیرا ہے، نام نہاد دوقومی نظریہ ڈھونگ اور فریب ہے، فوجی بندوق اور بنیاد پرست نفسیاتی حربہ اس جبری الحاق ریاست کے قیام کی اصل وجہ ہیں، اسلامی دو قومی نظریہ کا اصل خلق انگریز وائسرائے لارڈ کرسن تھا جس نے ١٩٠٦ میں مسلم لیگ کے قیام سے پہلے ہی ہندو مسلم نظریے کا بنیاد رکھا تھا۔
انھوں نے کہاہے کہ انگریزوں کی اس سازش کی بنیاد پر قائم اس غیر فطری ریاست پاکستان کو اس وقت پنجابی لینڈ لک قوم کے مفادات کے لئے آج کی ایک ضرورت کے طور پر فوجی فاشزم اور بنیاد پرست دہشتگردی کے ذریے فاشسٹ ریاست کو چلایا اور قائم رکھا جا رہا ہے، اس لئے قومی تحریکوں، سیاسی کارکنوں ، دانشوروں کو فوجی فاشزم اور بنیاد پرست دقیانوسیت، فرسودہ جاگیرداری اور نسل پرست انارکسٹ گروہوں کے خلاف سیاسی جدوجہد اور قومی مزاحمت کو فکری اور عملی حوالے سے تیز کرنے کی ضرورت ہے، خصوصاً سندھ اوربلوچستان کی قومی تحریکیں، سیاسی کارکنان اور قومی دانشوروں کو اس سلسلے میں بنیادی اور اہم تاریخی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے.