بلوچستان لسبیلہ میں قابض ایف سی کے اکرام چیک پوسٹ کانکی پر آسمانی بجلی گرنے سے ایف سی کا ایک اہلکار ھلاک دوسرا جھلس کر شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی کو سول ہسپتال بیلہ میں طبی امداد دینے کے بعد کراچی ریفر کیا گیا۔
ادھر سندھ حیدر آباد میں بدنام زمانہ کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ سی ٹی ڈی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حیدر آباد میں مکی شاہ سے کالعدم تنظیم کے رکن تاج ملوک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انھوں نے حسب معمول روایتی دعوی کرلیا ہے کہ مزکورہ شخص سے دستی بم برآمد کرلیا ہے
دریں اثناء پنجاب جھنگ بستی ڈب میں گذشتہ روز معصومہ بی بی کو باپ نے اپنے بیٹے بیٹیوں کے ساتھ مل کر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی ۔ لڑکی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں لڑکی نے تشویشناک حالت میں بیان دیا تھا کہ اسے اس کے والد اور بہن بھائیوں نے زندہ جلایا ہے ، بعد میں لڑکی دم توڑ گئی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی 6 سال قبل شادی ہوئی تھی، لیکن بعد میں طلاق ہوگئی تھی۔ مقتولہ دوسری شادی کرنا چاہتی تھی لیکن گھر والے راضی نہیں تھے۔ جھنگ میں مبینہ طور پر پسند کی دوسری شادی کی خواہش پر قتل کی جانے والی لڑکی کو پوسٹ مارٹم کے بعد سپردخاک کردیا گیا۔