بلیدہ زامران میں چوری ڈکیتی اور بدامنی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو تاجارہا ہے۔پریس کانفرنس



تربت:  بلیدہ زامران کے نوجوان سیاسی و سماجی کارکنان و معززین نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حلقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے  انتظامیہ و نمائندوں کی بے حسی پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ 


نوجوان سیاسی کارکن شےمرید رشید اور  حاجی درمحمد بلوچ سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے  کہا ہے کہ بلیدہ زامران میں چوری ڈکیتی اور بدامنی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو تا جارہا ہے مگر انتظامیہ کی کانوں تک جوں تک نہیں رینگتی۔


 انہوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ انتظامی امور اور امن و امان کے مسائل کو یکسر ترک کرکے بارڈر پربھتہ خوری میں مشغول ہیں جبکہ آئے روز سڑکوں پر نوجوان و مزدور گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔


 انہوں نے کہا ہے کہ انتظامیہ مسلح جتھوں کی پرورش اور انکی سرپرستی کرنے میں ملوث بھی ہے۔ 


انھوں نے کہاہے کہ بلیدہ زامران کی پسماندگی پر موجودہ برسراقتدار طبقے کو ذمہدار ٹہراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تین دہائیوں سے زائد عرصے سے اقتدار پر براجمان ہونے کے باوجود بلیدہ کا اب تک ایک سڑک مکمل نہ کر سکے۔ حلقے کی دولت کو لوٹ کر اپنی ذاتی جیبوں میں بھرنے اور اپنے ہمنواؤں کو سیاسی رشوت کے طور پر عوام کا پیسہ نچھاور کرنے میں لگے ہیں۔ 


انہوں نے کہا ہے کہ بلیدہ زامران آج بھی بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہے۔ صحت و تعلیم کا شعبہ تباہ ہے جبکہ انفراسٹرکچر سرے سے تعمیر ہی نہیں کیا گیا۔ 


انہوں نے کہا کہ بلیدہ زامران کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدگی سے دلچسپی نہیں دکھائی گئی تو مجبوراً عوام کو احتجاج کی راہ اختیار کرنا پڑے گا اور بڑے شاہراہوں کو بند کرکہ انتظام کاروں کو جھکنے پر مجبور کیا جائے گا۔ 


پریس کانفرنس میں انکے ہمراہ تربت سول سوسائٹی کے ڈپٹی کنوینر جمیل عمر اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post