ٹانک پولیس پر دستی بم حملہ،دو اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی، جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک،گھوٹکی پولیس مقابلے میں چار ڈاکو ھلاک ہوگئے



خیبرپختونخوا کے علاقے ٹانک میں بنوں روڈ پر مین بازار میں دامان پلازہ کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس وین پر دستی بم پھینکا اور فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے۔


 پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور مارا گیا۔پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے، پولیس کی بھاری نفری نے اسپتال کو سیکیورٹی حصار میں لے لیا ہے، اسپتال آنے والے افراد کی جامہ تلاشی لی جارہی ہے ۔


ادھر سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقہ کھمبڑامیں ڈاکوئوں اور پولیس کے درمیان مبینہ مقابلہ میں تین ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دو زخمی ڈاکو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے تاہم ان میں سے  بعد ازاں ایک ڈاکو کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ پولیس نے تین ہلاک ڈاکوئوں کی نعشیں تحصیل اسپتال اوباڑو منتقل کر دیں۔ جبکہ بعد ازاں ترجمان گھوٹکی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تھانہ کھمبڑا کی حدود میں پولیس مقابلہ میں ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت خان محمد، بدلو اور پھلو کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جبکہ فرار ہونے والے زخمی ڈاکو کے نام کا بھی پتہ چل گیا ہے عارب ولد گلو شر،جس کی بھی موت واقع ہوگئی ہے جس کی لاش کو اس کے دیگر ساتھی/ڈاکو کچے کی طرف اٹھا کر لے گئے ہیں ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post