بلوچستان، بارشوں کے بعد ندی نالوں میں
بلوچستان طاقتور موسمی سسٹم کی لپیٹ میں آگیا ہے، زیارت ،چمن،سبی ،جھل مگسی، پشین، مستونگ، دکی،بارکھان،لورالائی، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، لسبیلہ، آواران اور نصیرآباد، مکراب ڈویژن میں تیز بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کے بعد بلوچستان کا رابطہ منقطع ہے ۔
بتایا جارہاہے کہ سندھ سے ملانے والی دونوں اہم شاہراہیں بند ہوگئیں ہیں ۔بولان کے علاقے پنجرہ پل کا متبادل راستہ بہہ جانے سے ٹریفک معطل، لسبیلہ کے قریب کوئٹہ کراچی شاہراہ بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، کراچی جانے والی ٹریفک کا متبادل راستہ بھی متاثر جبکہ کوئٹہ سبی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق بلوچستان کے افغان اور ایران سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد کیچ، تربت، مند اور بلو سمیت کئی علاقوں میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں سے نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات پانی کا بہائوزیادہ ہونے کی وجہ سے حب ندی کے متبادل راستے کو نقصان پہنچنے سے آمدورفت بند ہوگئی ہے ، ٹریفک پولیس نے عوام کو کراچی سے کوئٹہ آمدورفت کیلئے حب بائی پاس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا کہ کوہ سلیمان اور کھیرتھر رینج میں بارش کا سسٹم بن رہا ہے جس کے بلوچستان سندھ اور جنوبی پنجاب بارڈر پر زیادہ اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
ادھر ہرنائی سے تازہ اطلاعات ہیں
ہرنائی: ہرنائی وگردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش و ژلہ باری سے زمینداروں کے تیار فصلات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
اور بارش کے باعث ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے کی وجہ سے ہرنائی سے پنجاب جانے والی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہے ۔
بولان میں شدید بارش کے باعث پنجرہ پل کا متبادل راستہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا انتظامیہ اور این ایچ اے نے متبادل راستے کو چھوٹی گاڑیوں کے لئے جزوی طور پر بحال کردیا ۔
حکام مطابق گزشتہ شب شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلے میں بولان شاہراہ این اے 65 پرگزشتہ برس سیلاب سے متاثرہ پنجرہ پل کی علارضی گزر گاہ بہہ گئی تھی جس کے بعد این ایچ اے اور انتظامیہ نے متبادل راستے کی بحالی کا کام شروع کیا جس اتوار کو مکمل کر لیا گیا ۔
اے سی ڈھاڈر کے مطابق ضلعی انتظامیہ بولان کی امدادی ٹیموں کی جانب سے گزر گاہ کو ہنگامی طور پر ٹریفک گزرنے کے قابل بنایا گیا ہے اس وقت چھوٹی گاڑیوں کو گزر جا رہا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں پھنسی ہوئی بڑی مالبردار گاڑیوں کو پنجرہ پل سے گزارا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پھنسی ہوئی تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کی روانگی کے بعد متاثرہ حصے کے کا کام مزید مکمل کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ مسافر بولان کی طرف سفر کرنے سے پہلے
0832415203
نمبر پر رابطہ کرکے تسلی کریں
سول سوسائٹی مند کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب یوسی بلو اور یوسی تلمب میں طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے۔
طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی، کئی مکان، دکان اور باغات تباہ ہوئے ہیں۔
طوفانی بارشوں کے بعد نظامِ زندگی درہم برہم ہوگیا۔
لہذا اس علاقہ کو آفت زدہ قرار دیا جائے ۔