سندھ کے ضلع جیکب آباد کے تھانہ مولاداد کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں 6 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ایس ایس پی سمیر چنا کے مطابق بلوچستان پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا، تو ڈاکو فرار ہوکر جیکب آباد کی حدود میں داخل ہوگئے اور انہوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 3 اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے ۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں میں انسپکٹر طیب عمرانی، نثار اور وہاب شامل ہیں
دوسری جانب گھوٹکی میں قادرپور لنک روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں 5 ڈاکو مارے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق تھانہ اے سیکشن گھوٹکی پولیس گزشتہ درمیانی شب گشت پر تھی کہ قادرپو لنگ روڈ پر مسلح ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوگیا۔فائرنگ کے تبادلے میں 5 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت نہیں ہوسکی۔مارے جانے والے ڈاکوؤں سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ڈاکوؤں کی لاشیں تحصیل اسپتال گھوٹکی منتقل کردی گئی ہیں۔