انھوں نے کہاکہ ہمیں افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ ہر چھ ماہ بعد پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کی جانب سے ڈرون کیمروں کے ذریعے نیو کاہان کو سرچ کیا جاتا ہے ۔ لیکن ایک انسانی جان بچانے کے لیے وہ ڈرون کیمرے بھی غائب ہو گئے ہیں ۔
انھوں نے کہاکہ جب کوہ چلتن میں موجود ایف سی کی چوکی والوں سے اہل علاقہ نے مدد کی اپیل کی تو چوکی میں موجود سپاہیوں نے یہ کہہ کر جان چھڑائی کہ ہمیں مرکز کی طرف سےآپ لوگوں کی مدد کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔
علاقہ مکینوں کا کہناہے کہ گزشتہ روز حاجی سید علی گھر سے پہاڑی کی جانب لکڑی چننے جارہاتھا کہ راستے میں تیز بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے زخمی ہو کر گر گئے ، یہ اطلاع انھوں نے خود فون کرکے دی ،مگر وہ اپنا صحیح جگہ بارے معلومات نہیں دے پائے اور فون بند ہوگیا ۔
جس کے بعد علاقہ مکینوں نے انکی تلاش شروع کردی، بلآخر دو دن بعد انھیں تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئے، مگر وہ لوگوں کے پہنچنے سے قبل جان کی بازی ہار گئے تھے ۔