کراچی ملیر زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد ،نورخان زونل صدر اور گلاب بلوچ زونل جنرل سیکرٹری منتخب۔ بساک

 


کراچی بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ملیر زون کا جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت زونل صدر گلزیب بلوچ منعقد ہوا ، جس میں مرکزی کمیٹی کے رکن سمیعہ بلوچ  اور معراج  بلوچ   بطور مہمان خاص شریک ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی سرکیولر، سابقہ رپورٹ، تنقیدی نشست، تنظیمی امور اور عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں  نو منتخب کابینہ کا چناؤ عمل میں لایا گیا جس میں نورخان زونل صدر اور گلاب بلوچ  بطورزونل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔


اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے رکن سمیعہ بلوچ نے کہا کہ  نہایت ہی قلیل مدت میں ملیر زون کا فعال ہونا اور  طالبعلموں کو تنظیمی پلیٹ فارم پر یکجاہ کرتے ہوئے اُن کی تربیت کرنا تمام زونل عہدیداران اور اراکین کی مسلسل جدوجہد کا  ثمر ہے۔ ملیر زون کا شمار تنظیم کے فعال ترین زونوں میں کیا جاتا ہے جہاں تمام یونٹ مکمل طور پر فعال اور تنظیمی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ 


انھوں نے کہاکہ ملیر میں تنظیمی فعالیت ہمارے لیے ایک نیک شگون ہے لیکن اس کے باوجود ایک ترقی پسند طلبا تنظیم کے حیثیت سے ہمیں اپنے تمام سرگرمی اور عمل کا باریک بینی سے  جائزہ لینا ضروری ہے۔ اپنے سرکلز میں خود تنقیدی جیسا عنصر پیدا کرتے ہوئے  ہم اپنی سرگرمیوں اور پروگرام  کو مزید واضح اور نتیجہ خیز بنا سکتے ہیں۔ 


انھوں نے کہا سیاسی سرکلز ہی طالبعلموں کو نئی بحث و مباحثوں کی جانب راغب کر سکتے ہیں اور یہیں مباحثے   نئے سوالات کی ابھار کا باعث بنتے ہیں۔   سیاسی سرکلز اور مباحثوں سے جنم لینے والے سوالات کا جواب  کتابوں میں پنہاں ہوتا ہے جن کا مطالعہ ایک سیاسی کارکن کےلیے نہایت ہی ضروری ہے۔ کتابوں کا شمار ایک ایسے ساتھی کے طور پر کیا جاتا ہے  جو انسان کے خیالات کو واضح اور نئی راہیں متعین کرنے میں کردار کا حامل ہوتے ہیں۔


اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے رکن معراج بلوچ کا کہنا تھا کہ  آج کا بلوچ نوجوان مختلف مراحل سے گزر کر سیاسی حوالے سے مزید پختہ ہوتا جا رہا ہے  ۔ سیاسی و فکری شعور کے باعث آج کا نوجوان نسل  ہر قسم کی رکاوٹ کے باوجود  تسلسل کے ساتھ سیاسی عمل کا حصہ بن رہا ہے۔ 


انھوں نے کہاکہ  بلوچستان بھر کے تعلیمی اداروں میں سیاسی عمل پر قدغن عائد ہے اور  آئے روز طالبعلموں کی جبری گمشدگی کے باعث تعلیمی ادارے خوف کا سماں پیش کر رہے ہیں لیکن فکر و شعور سے لیس نوجوان نسل  علم و آگہی کے جھنڈے کو بلندی  سے تھامے ہوئے ہیں۔


تمام ایجنڈوں پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں  نور خان زونل صدر، صلاح بلوچ  نائب صدر، گلاب بلوچ زونل جنرل سیکرٹری،  رضوان بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور مراد بلوچ بطور انفارمیشن سیکریٹری منتخب ہوئے۔  نومنتخب کابینہ نے تنظیمی سرگرمیوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے اور ملیر میں تنظیم کو فعال کرنے کا اعادہ کیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post