فوجی موبائل فون استعمال کرنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے، روسی جنرل


روسی وزارت دفاع کی طرف سے بدھ کو علی الصبح جاری ایک ویڈیو بیان میں لیفٹیننٹ جنرل سرگئی سیوریوکوف نے کہا کہ ”ہمارے ہلاک ہونے والے ساتھیوں کی تعداد 89 ہو گئی ہے۔” انہوں نے کہا کہ ماکیفکا قصبے میں ملبے تلے دبی ہوئی مزید لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔


سیوریوکوف کا کہنا ہے کہ اس حملے کی وجہ روسی فوجیوں کی طرف سے موبائل فون کا استعمال ہے۔ انہوں نے کہا: ”یہ پہلے ہی واضح ہو چکا ہے کہ جو کچھ بھی ہوا اس کی سب سے بڑی وجہ ممانعت کے باوجود موبائل فونز کو آن کرنا اور بڑے پیمانے پر اس علاقے میں استعمال کرنا ہے، جہاں تک دشمن کے ہتھیاروں کی پہنچ تھی۔”


انہوں نے مزید کہا، ”اسی عنصر نے دشمن کو میزائل حملے کے لیے فوجیوں کے مقام کا پتہ لگانے اور ان کا تعین کرنے میں مدد کی۔”


روس کا کہنا ہے کہ نئے سال کے دن مقامی وقت کے مطابق رات کے تقریباً سوا بارہ بجے ایک ووکیشنل کالج پر امریکی ساختہ ہمارس راکٹ سسٹم سے چھ راکٹ فائر کیے گئے، جن میں سے دو کو فضا میں ہی مار گرایا گیا۔


بیان کے مطابق رجمنٹ کے ڈپٹی کمانڈر، لیفٹیننٹ کرنل بچورین، ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔ ماسکو کے مطابق ایک کمیشن واقعے کے حالات کی تحقیقات کر رہا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post