بھارت نےدفاع کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنی مسلح افواج کے لیے 120 ‘پرلئے’ بیلسٹک میزائل خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان میزائیلوں کو پاکستان اور چین سے ملحق سرحدوں پر نصب کیا جائے گا۔
ایک بھارتی خبر رساں ایجنسی نے اعلیٰ فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ “گزشتہ دنوں بھارتی وزارت دفاع کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی، جس میں مسلح افواج کے لیے 100 سے زائد پرلئے بیلسٹک میزائیلوں کی خریداری کو منظوری دی گئی۔ زمین سے زمین پر مار کرنے والے دیسی ساخت کے ان میزائیلوں کو پاکستان اور چین سے ملحق بھارت کی سرحدوں پر تعینات کیا جائے گا۔”
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ اعلان ملکی اپوزیشن سیاسی جماعتوں کی طرف سے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت پر مسلسل دباو کو کم کرنے کی کوشش ہے۔
اپوزیشن جماعتیں مودی حکومت پر چین کی جانب سے مبینہ جارحیت کا ٹھوس جواب نہ دینے کے الزامات عائد کر رہی ہیں۔
بھارتی وزارت دفاع نے پرلئے میزائیلوں کی خریداری کا فیصلہ گزشتہ برس بھارت کے دفاعی تحقیقاتی و ترقی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کی جانب سے ان میزائیلوں کے پہلے کامیاب تجربے کے بعد کیا ہے۔
ذرائع کا تاہم کہنا ہے کہ چونکہ پرلئے بیلسٹک میزائیل کے اب تک صرف دو تجربات ہوئے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں آپریشنل بنانے میں ابھی وقت لگ سکتا ہے کیونکہ ان کے لیے سپورٹنگ موبائیل پلیٹ فارم بھی تیار کرنے ہوں گے۔