خاران سے کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ سی ٹی ڈی کے ہاتھوں جبراً حراست میں لیے گئے شفقت اللہ اور عجاب اللہ کے لواحقین کی جانب سے جاری اعلا میہ مطابق دونوں نوجوانوں کے اغوا نما گرفتاری اور بے بنیاد الزامات کے خلاف خاران میں بروز منگل کل سہہ پہر 3 بجے شہید اکبر خان بگٹی اسٹیڈیم تا پریس کلب ، ایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔
لہذا خاران کے شہریوں سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ اس مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیں اور بروقت اسٹیڈیم پہنچ جائیں اور اس ریلی میں شرکت کر کے ایک ذمہ دار انسان اور شہری ہونے کا فرض نبھائیں۔
آپ جانتے ہیں کہ شفقت اللہ کو سی ٹی ڈی نے 23 اکتوبر جبکہ عجاب اللہ کو ایف سی نے 26 اکتوبر کے روز حراست میں لیا تھا۔
جبری گمشدگی کے چند روز بعد سی ٹی ڈی حکام نے میڈیا کے ذریعے شفقت اللہ پر الزام عائد کیا تھاکہ وہ سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور کی قتل میں ملوث تھا۔
سی ٹی ڈی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا تھاکہ شفقت اللہ کا تعلق بی ایل اے سے ہے تاہم بی ایل اے نے سی ٹی ڈی کے اس دعوے کی تردید کی تھی۔
دوسری جانب شفقت اللہ کے والد نے سی ٹی ڈی کے دعوی کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھاکہ جس وقت سابق چیف جسٹس پر حملہ ہوا تھا اس وقت ان کا بیٹا گھر میں موجود تھا۔