بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (مستونگ زون) کی جانب سے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 8 اکتوبر ربروز ہفتہ کو مستونگ میں منشیات کے خلاف ایک ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں منشیات کی لت میں ہزاروں نوجوان مبتلاء ہیں۔ ڈرگ کنٹرول کے نام پر قائم حکومتی ادارے منشیات کی روک تھام میں اقدامات اٹھانے کے بجائے اسکی ٹریفکنگ میں براہ راست ملوث ہیں۔ بلوچستان کو ڈرگ ٹریفکنگ کا راستہ بنادیا گیا ہے جو نہ صرف انٹرنیشنل ڈرگ روٹ ہے بلکہ اس کاروبار نے بلوچ کے ہر گھر کو جلا دیا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دیگر اضلاع کی طرح مستونگ کا شمار بھی منشیات سے متاثر اضلاع میں ہوتا ہے ، جہاں سینکڑوں افراد اس مہلک وبا میں مبتلاء ہیں۔
ترجمان بی ایس او مستونگ زون نے کہا ہے کہ تنظیم کے سینٹرل کمیٹی اجلاس میں کیئے گئے فیصلوں کے مطابق مستونگ میں منشیات کے خلاف منظم مہم اور موبلائزیشن کا آغاز کیا جائے گا جبکہ اس تحریک کو بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی وسعت دی جائیگی۔
انھوں نے آخر میں مستونگ کے سیاسی پارٹیوں، طالبعلموں، اساتذہ، وکلاء، سیول سوسائٹی سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگوں سے ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔