اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ،ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے پناہ گزین ادارے کے مطابق پاکستان میں آئندہ مہینوں میں بارشیں صورتحال کو بدترین کردے گی۔ سیلاب متاثرین کی مشکلات بڑھیں گی اور بےگھر افراد کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
پاکستان میں آنے والے مہینوں میں مزید بارش کی توقع ہے۔ اقوام متحدہ نے متوقع بارشوں سے ابتر سیلابی حالات بدترین ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیاہے ۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ پاکستان میں آئندہ مہینوں میں مزید بارشیں ہونےکی توقع ہے۔
یو این ایچ سی آر کے مطابق خدشہ ہے سیلاب متاثرین کے حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔ مزید بارشیں لاکھوں سیلاب متاثرین کی مشکلات بڑھا دیں گی۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی نے کہا ہے کہ سیلاب سے پاکستان میں 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ افراد بےگھر ہوچکے ہیں ۔
اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اسہال ، ٹائیفائیڈ ، خسرہ اور ملیریا کےکیسز کی تعدادمیں اضافہ ہورہا ہے ۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ آج پاکستان ہے تو کل کسی اور ملک کے ساتھ بھی ایسا ہو سکتا ہے۔موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے پر آنکھیں کھولنے کی ضرورت ہے ۔
انتونیو گوتریس 2 روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے اور سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے ۔ ان کے ہمراہ انڈرسیکرٹری جنرل انسانی امور مارٹن گرفتھ اور دیگر ہمراہ ہونگے ۔
