بھارتی کامیڈین و اداکار راجو شری واستو 58 سال کی عمر میں چل بسے

ممبئی : بھارت کے نامور کامیڈین راجو شری واستو 58 برس کی عمر میں انتقال کر گئے  ،   راجو کو 10 اگست کو دل کا دورہ  پڑنے کے سبب ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ قریب 40 روز تک  زیر علاج رہنے کے بعد چل بسے ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  راجو شری واستو کے اہلخانہ کی جانب سے بھی ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی ہے ، 10 اگست کو  ہارٹ اٹیک کے بعد  یکم ستمبر کو انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا جہاں وہ آج 21 ستمبر کی صبح دم توڑ گئے ۔  راجو شری واستو کو 10 اگست کو جِم میں ورزش کے دوران سینے میں درد کی تکلیف کی شکایت پر نیو دہلی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق راجو شری واستو کو علاج کے دوران وینٹی لیٹر پر بھی منتقل کیا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابقراجو شری واستو کی موت مقامی وقت کے مطابق صبح 10:20 پر ہوئی اور وہ 41 دنوں سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا جاتا رہا  کہ راجو شری واستو  کے دماغی افعال کو بہتر بنانے کے لیے انہیں ڈاکٹرز کی جانب سے امیتابھ بچن کی آواز سنائی جاتی رہی ،  ڈاکٹر راجو کے علاج کے لیے نیورو فزیو تھراپی کی مدد بھی لیتے رہے ۔ راجو شری واستو 1980ء سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام کر رہے تھے۔ ان کی مقبولیت میں اضافہ سال 2005ء میں اس وقت ہوا جب انہوں نے بھارت کے ایک کامیڈی شو میں حصہ لیا تھا۔ راجو شری واستو کچھ بھارتی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post