سی ٹی ڈی کا بلوچ مسلح تنظیم کے دو ارکان کی گرفتاری کا دعوی

شال ( اسٹاف رپورٹر سے ) کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رواں ہفتے اتوار کے روز سی ٹی ڈی بلوچستان نے خفیہ اطلاع پر مستونگ کے علاقے شیرین آب روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے رحیم بخش ولد سنجر خان اور بہاول خان ولد جمعہ خان محمد حسنی سکنہ کھڈ کوچہ، مستونگ کو گرفتار کیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار افراد کاتعلق بلوچ لبریشن آرمی سے ہے ۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار افراد سے بڑی تعداد میں بارودی مواد برآمد کرکے کوئٹہ سی ٹی ڈی تھانہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ دوران تفتیش مذکورہ افراد نے کاروائیوں میں اپنی اور اپنے ساتھیوں کی بلواسطہ اور بلا واسطہ شرکت کے متعلق تفصیلات بھی بتائی ہیں، جس میں سب سے اہم کاروائی 29 مئی 2015 ء کو مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں 20 پشتون مسافروں کو بس سے اتار کر قتل کرنا شامل ہیں۔ انکے مطابق گرفتار افراد نے کولپور کے علاقے میں گیس پائپ لائن کو تباہ کیا، کشتری کے علاقے میں کریش پلانٹ مشین کو تباہ کرنے اور جوہان کے علاقے میں واقع لیویز تھانہ جوہان کو حملے میں تباہ کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ بلوچ لبریشن آرمی کے گرفتار مبینہ ارکان نے اس کے علاوہ ایف سی پر حملے، فورسز کیمپس کو نشانہ بنانے کا بھی انکشاف کیا ہے جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post