دریائے سندھ میں باراتیوں کی کشتی الٹنے سے 19 خواتین ہلاک

رحیم یار خان ( ویب ڈیسک ) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں دریائے سندھ میں باراتیوں سے بھری کشتی الٹنے کے حادثے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اب تک ہلاک ہونے والے جن افراد کی نعشیں دریا سے نکالی گئی ہیں، وہ تمام خواتین ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق دریائے سندھ کی ساحلی پٹی پر واقع نواحی گاؤں ماچھکہ کی سولنگی برداری کے افراد بارات لے کر دریائے سندھ میں سفر کر رہے تھے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثہ کشتی میں گنجائش سے زائد افراد سوار ہونے کے باعث پیش آئی ۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق اس بارات میں دو کشتیاں شامل تھیں، جن پر خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 150 سے زائد افراد سوار تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ایک کشتی، جس میں تقریباً 75 افراد سوار تھے، اچانک الٹ گئی اور اس میں سوار تمام افراد دریا میں جا گرے۔ ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا کے مطابق ان میں سے 35 افراد کو دوسری کشتی کے سواروں نے بچا لیا جبکہ اب تک 19 خواتین کی نعشیں بھی نکالی جا چکی ہیں اور باقی افراد کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ دوسری کشتی میں سوار مرد، جنھوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو بچایا۔ کئی افراد کو غوطہ خوروں نے محفوظ مقام تک پہنچایا لیکن خواتین پانی کے بہاؤ کے باعث دریا میں ڈوب گئیں اور شاید ان کے ساتھ بچے بھی تھے، لیکن ابھی تک کسی نے بچوں کے ڈوبنے کی تصدیق نہیں کی ہے ۔ تاہم ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ڈوبنے والے افراد کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post