بنگال نرس کی سرکاری نوکری ملنے پر شوہر نے بیوی کا ہاتھ کاٹ دیا

رپورٹس کے مطابق حکام نے پیر کو بتایا کہ مغربی بنگال کے ضلع بردوان میں ایک 26 سالہ شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کا ہاتھ اس وقت کاٹ دیا جب اس نے سرکاری اسپتال میں بطور نرس نوکری حاصل کر لی کیونکہ اسے خدشہ تھا کہ بیوی کو اب کسی اور شہر میں تعینات کیا جائے گا۔حکام نے بتایا کہ شیر محمد شیخ نامی شوہر مفرور ہے جبکہ 24 سالہ متاثرہ خاتون رینو درگاپور شہر کے ایک نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہے۔حکام کے مطابق خاتون نے اکتوبر 2017 میں شیخ سے شادی کی،جو ضلع کے کیتوگرام علاقے کے کوجلسا گاؤں میں گروسری کی دکان چلاتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 2018 میں خاتون نے نرسنگ کورس میں داخلہ لیا اور مغربی بردوان کے ایک پرائیویٹ نرسنگ ہوم میں ملازمت حاصل کی تاہم بعد میں شوہر کی خواہش کے خلاف اس نے سرکاری ملازمت کے لیے درخواست دی۔حکام نے بتایا کہ اس سال 28 مئی کو خاتون کو سرکاری ملازمت کے لیے نامزد کیا گیا جس کے بعد جوڑے کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ شوہر شیخ نہیں چاہتا تھا کہ رینو کو یہ نوکری ملے کیوں کہ اسے ڈر تھا کہ بیوی کو کسی دوسرے شہر میں تعینات کیا جا سکتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ اور اس کے دو ساتھیوں نےرینو پر اس وقت حملہ کیا جب وہ اتوار کی دوپہر ایک بجے کے قریب اپنے گھر میں سو رہی تھی۔ ملزمان نے پہلے اس کے چہرے پر تکیہ رکھا اور پھر اس کا دایاں ہاتھ کاٹ دیا۔پولیس اہلکار نے رینو کے والد کی طرف سے دائر شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم ابھی تک حملے میں استعمال ہونے والا آلہ برآمد نہیں کر سکے جبکہ ملزمان کی بھی تلاش جاری ہے۔ Share this:

Post a Comment

Previous Post Next Post