سبی شہر اور گردونواح میں تیز آندھی اور بارش کے باعث گھر کی چھت سمیت معتدد فیڈرز کے پول گر گئے، سات مرلہ میں گھر کی چھت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت سات افراد زخمی، مختلف علاقوں میں بجلی کی فیڈرز کے چالیس سے زائد پول گرنے سے سبی، لہڑی بختیار آباد سمیت درجنوں دیہات کی بجلی بند، تحصیل لہڑی میں ژالہ باری سے معتدد مال مویشی مرنے کی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق سبی میں گزشتہ رات طوفانی ہواں اور بارش کے باعث سات مرلہ کے علاقے میں ایک مکان کی چھت گرنے کی وجہ سے سات افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہونے کی بنا پر کوئیٹہ ریفر کر دیا گیا۔ طوفانی ہوا اور بارش کے باعث سبی شہر، گردونواح اور بختیار آباد میں بجلی کے پول گرنے کے باعث سبی اور گردونواح سمیت تحصیل لہڑی، بختیار آباد کی بجلی رات سے بند ہے۔ ایکسین کیسکو حاجی شبیر احمد مستوئی کی ہدایات پر ایس ڈی او سردار اصغر موسی خیل کی نگرانی میں لائن سپرنٹنڈنٹ حاجی محمد اسحاق بنگلزئی اور دیگر اسٹاف نے متاثرہ بجلی کے پولوں کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔ اس موقع پر ایس ڈی او کسیکو سبی سردار اصغر موسیٰ خیل نے میڈیا سے بات کرتے ہو ئے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ اس گرمی میں لوگوں کا گزارا نہیں ہوتا شہر اور گردونواح میں گزشتہ رات ہونے والی تیز آندھی اور بارش کے باعث 12 فیڈرز کے مختلف مقامات پر 30 سے زائد 220 اور 11 ہزار کے وی کے کھمبے گر گئے رات کو چلنے والی آندھی اور بارش کے باعث بجلی معطل ہوگئی۔ ایکس این کیسکو کو شبیر احمد مستوئی کی خصوصی ہدایات پر واپڈ کیسکو کے اہلکار دن رات اس گرمی میں کام کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کوشش ہے کہ بہت جلد بجلی بحال کر دی جائے گی۔ شدید آندھی اور بارش کے باعث بختیار آباد کے نزدیک 33 ہزار کے وی کے دس پول گر گئے ہیں۔ کیسکو انتظامیہ کی جانب سے ایس ڈی او سید نیاز حسین شاہ کی نگرانی میں ایل ایس مظہر علی، میر سدھیر خان ڈومکی، شوکت خان چھلگری سمیت عملے نے ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ پولوں کی مرمت کا کام جاری کر دیا گیا ہے۔ لیکن بختیار آباد کیسکو انتظامیہ کے پاس ہیوی مشینری نہ ہونے کی وجہ سے کیسکو انتظامیہ کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بختیار آباد اور گرونواح میں بجلی نہ ہونے اور گرمی و حبس کے باعث بچے ، بوڑھے اور بیمار افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اہلیان بختیار باد اور لہڑی نے ایکسیئن کیسکو سبی سمیت حکام بالا سے کیسکو انتظامیہ بختیار آباد کی مدد کرنے اور ہیوی مشینری فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
Share this:
