کوئٹہ (نامہ نگار ) لک پاس پر قائم سیکورٹی چیک پوسٹ عوام کیلئے وبال بن گئی، اختیارات نہ ہونے کے باوجود کوئٹہ سے اندرون بلوچستان جانے والی اشیائے خورونوش روک کر واپس کردیتے ہیں، جس کی وجہ سے رخشان، مکران اور قلات ڈویژن میں اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہونے لگی۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے لک پاس کے مقام پر قائم سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ عوام بالخصوص تاجروں و ٹرانسپورٹروں کیلئے وبال جان بن گئی۔ لک پاس کے مقام پر قائم چیک پوسٹ پر کھڑے اہلکار رخشان، مکران اور قلات ڈویژن جانے والی اشیائے خورونوش آٹا، گندم سمیت مختلف اشیا کی گاڑیوں کو روک کر انہیں واپس کوئٹہ کی طرف روانہ کردیتے ہیں، بغیر کسی نوٹیفکیشن اور اختیارات کے غیر قانونی طریقے سے اشیائے خورونوش کی روک تھام سوالیہ نشان ہے۔ عوامی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اگر یہ سلسلہ چلتا رہا تو مکران، رخشان اور قلات سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں اشیائے خورونوش بالخصوص آٹے اور گندم کی قلت پیدا ہوجائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام عائد ہوگی۔ عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور چیف سیکرٹری سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں