تربت پولیس اہلکار کی والدہ نے ان کی بازیابی کی اپیل کی ہے



تربت ( نامہ نگار )  ضلع کیچ کے علاقے شاہی تمپ کے رہائشی اور لیویز فورس کے اہلکار نبیل احمد ولد مرحوم خورشید کی والدہ نے اپنے بیٹے کی بازیابی کے لیے درد بھری اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیٹا 23 جون 2026 کو سورگ کے علاقے میں دن دیہاڑے گھر کے اندر سے نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا کر لیا گیا، جس کے بعد سے آج تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
انھوں نے کہا کہ ان کا بیٹا گھر کا واحد کفیل ہے اور لیویز فورس میں ملازمت کرکے پورے خاندان کی کفالت کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کی گمشدگی کے بعد پورا خاندان شدید ذہنی اذیت، پریشانی اور کرب میں مبتلا ہے، جبکہ گھر کے معاشی حالات بھی انتہائی خراب ہو چکے ہیں۔
انہوں نے نہایت رقت آمیز انداز میں دست بستہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لختِ جگر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے پاس واپس آ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ماں اپنے بیٹے کی جدائی کا دکھ برداشت نہیں کر سکتی اور وہ ہر لمحہ اس کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگ رہی ہیں۔
نبیل احمد کی والدہ نے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں، قبائلی عمائدین، سماجی شخصیات اور بااثر حلقوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ان کے بیٹے کی محفوظ بازیابی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ ان کے خاندان کی پریشانی ختم ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام متعلقہ فریقین سے انسانیت کے ناطے اپیل کرتی ہیں کہ ان کے بیٹے کو بحفاظت رہا کیا جائے، کیونکہ اس کی واپسی ہی ان کے خاندان کے لیے زندگی کی سب سے بڑی خوشی ہوگی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post