کابل سیلاب اور طوفان سے 20 افراد جاں بحق، 30 زخمی

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے کئی صوبوں میں گزشتہ 5 روز کے دوران شدید سیلاب اور طوفان سے 20 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق موسلادھار بارشیں ہر سال سیکڑوں افغانیوں کی جان لے لیتی ہیں۔ ایسے واقعات خاص طور پر غریب اور دیہی علاقوں میں پیش آتے ہیں جہاں ہمیشہ ناقص تعمیر شدہ مکانات منہدم ہونے کا خطرہ غالب رہتا ہے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق سیلاب سے متاثر ہونے والے صوبوں میں قندھار، ہلمند، ہرات، بدخشاں، تخار، پروان، قندوز، میدان وردک، بغلان، بادغیز، فریاب اور جوزجان صوبے شامل ہیں۔ تاہم بغلان، پروان اور بادغیز سب سے زیادہ متاثر ہونے والے تین صوبے ہیں۔ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے نائب وزیر شرف الدین مسلم نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے فریاب اور پروان کے صوبوں کے ساتھ ساتھ دیگر مختلف علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایک ویڈیو بیان میں شرف الدین مسلم نے کہا کہ ’10 صوبوں میں 18 سے 20 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور 100 سے زائد مکانات بھی تباہ ہو گئے ہیں‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2 افراد لاپتا ہیں جبکہ 30 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی ٹیموں کو خیموں اور خوراک کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے اور حکام ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں میں نقد رقم تقسیم کر رہے ہیں

Post a Comment

Previous Post Next Post