کوئٹہ (نامہ نگار ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے کراچی یونیورسٹی میں حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں پر منظم انداز میں کئے جانے والے تشدد کو کسی بھی صورت جائز قرار نہیں دیا جاسکتا وہ لوگ جو اپنے آپ کو ریاستی مظالم کا شکار بتاتے ہیں انہیں بھی مظالم کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس راستے پر صرف عام بلوچوں کا نقصان ہوگا یہ بات انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہی، سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ ہمیں اس مسئلے کی سنگینی کاادراک کرتے ہوئے سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ایک خاتون جسکا مستقبل روشن تھا اس نے یہ اقدام کیوں اٹھایا کیا یہ وقت کی ضرورت نہیں کہ جو لوگ صاحب اختیار ہیں وہ ایسے واقعات کا نوٹس لیں اور ان مسائل کو سر فہرست رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ کیا مفاہمت ہماری ترجیح نہیں ہون۔ چاہیے؟اگر اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہے تو ان کے نتائج تباہ کن ہونگے۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ عمران خان کی حکومت مخالفین کا مذاق اڑانے اور انہیں گالیاں دینے میں انتی مصروف تھی کہ انہوں نے اس معاملے پر اتفاق رائے پر پہنچنے پر غور تک نہیں کیا۔ انہوں تمام لوگوں سے درخواست کی بہت ہوچکا ہے اب اس بڑھتی ہوئی خونریزی کو ختم کریں