بلوچ کلچر ڈے، جرمن قونصل جنرل و اہلیہ نے بھی منایا

دو مارچ بلوچ ثقافتی دن کی مناسبت سے کراچی میں جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر نے بلوچی لباس زیبِ تن کرتے ہوئے تمام بلوچوں کو اس دن کی مبارک باد پیش کیا ہے – بلوچستان سمیت دنیا بھر میں آج بلوچ ثقافتی دن منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں کراچی میں بھی مختلف تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔ اس موقع پر بلوچ قوم سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کراچی میں جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر نے دیدہ زیب بلوچی لباس زیب تن کیے اور قونصلیٹ کے بلوچ ملازمین کے ساتھ بلوچی زبان میں تبادلہ خیال کیا۔ اس سلسلے میں جرمن قونصلیٹ کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے- ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جامنی لباس پہننے والا بلوچ نوجوان محمد حنیف اور سفید پوش محمد شاکر سے جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر بلوچی زبان میں مخاطب ہیں۔ بلوچی زبان میں محمد شاکر حنیف سے کہتے ہیں کہ ’’بلوچ کلچرل ڈے آ گیا۔‘‘ محمد حنیف نے جواب میں کہا کہ ’’ہاں، چلو اسے مناتے ہیں۔‘‘ محمد شاکر نے کہا کہ ’’میں نے اپنے باس جرمنی کے قونصل جنرل اور ان کی اہلیہ کو بلوچ قومی لباس پہننے پر آمادہ کیا ہے۔ محمد حنیف نے کہا کہ ’’واہ، یہ تو اچھی بات ہے- محمد شاکر نے کہا کہ ’’وہ آ گئے‘‘، اس موقع پر ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر وہاں آ جاتے ہیں۔ محمد شاکر نے انہیں خوش آمدید کہا۔ ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر کو دیکھ کر محمد شاکر نے محمد حنیف سے کہا کہ ‘‘دیکھو! انہوں نے ہماری بلوچی( پاگ) پگڑی کو جرمن پرچم کے رنگوں، سیاہ، سرخ اور سنہری رنگوں سے کیسے آراستہ کیا ہے، کیا یہ خوبصورت نہیں؟‘‘ محمد حنیف نے کہا کہ ’’ہاں، یہ بہت اچھا لگا ہے- کالڈیا زیگلر نے کہا کہ ’’مجھے یہ پسند ہے۔‘‘ محمد شاکر اور حنیف نے کہاکہ ’’شکریہ میڈم، شکریہ باس۔ ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر نے بھی کہا کہ ’’آپ کا بھی شکریہ!‘‘ محمد شاکر نے کہا کہ ’’بلوچ ثقافتی دن مبارک ہو!‘‘ اس موقع پر جرمن قونصلیٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جدید دنیا میں ثقافتی تبادلے اور مکالمے بین الاقوامی تعلقات کے لازمی اجزاء ہیں، ثقافتی تبادلہ جرمنی میں زندگی کا ایک اہم حصہ ہے، لوگوں کو مثبت انداز میں شامل کرنے کا یہ ایک شاندار طریقہ ہے۔ ترجمان جرمن قونصلیٹ نے کہا ہے کہ ثقافتوں کے تنوع کی تعریف کرنے کے لیے، ثقافت کے عناصر مثال کے طور پر کھانا، موسیقی، رقص، فن اور لباس کا تجربہ افراد کو کرنا پڑتا ہے تاکہ دیگر ثقافتوں کی حکمت اور نفاست کو محسوس کیا جا سکے۔ جرمن قونصلیٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسی لیے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر پاکستان کے ناقابلِ یقین تنوع کا جشن مناتے ہوئے جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کالڈیا زیگلر نے جرمن رنگوں میں بلوچی کپڑے پہنے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post