بلوچستان علاقے وندر میں 6 ماہ سے بجلی کی بندش اور ناجائز و غیر قانونی ایوریج بلز کی وجہ سے زمیندار و صارفین سراپا احتجاج بن گئے۔
انجمن زمینداران کے ضلعی وائس چیئرمین عبدالستار انگاریہ، زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد اسلم سوری، ہاری تحریک کے چیئرمین کامریڈ محمد سلیم بلوچ، زمیندار ایکشن کمیٹی جنرل سیکریٹری وڈیرہ محمد سلیمان انگاریہ، گھریلو صارفین کے چیئرمین ڈاکٹر نورمحمد انگاریہ اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے وائس ایگزیکٹیو محمد رحیم جدگال بلوچ کی قیادت میں احتجاجی کیمپ قائم کرکے ”کے الیکٹرک”کے خلاف وندر میں دھرنا دیا گیا ہے۔
احتجاجی کمیپ میں نیشنل پارٹی کے عبدالحمید رونجھہ کارکنوں کے ہمراہ اور نیشنل پارٹی و دیگر جماعتیں بھی شریک ہیں۔
اس موقع پر احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ ”کیالیکٹرک”لسبیلہ میں بے لگام گھوڑا بن چکا ہے۔ بجلی بندش کے سبب زمینداروں کی ہزاروں ایکڑ تیار فصلیں تباہ ہورہی ہیں 6 ماہ سے بجلی بند ہے اور ناجائز ایوریج بلز دئیے جارہے جو کہ غریب زمیندار اور صارفین اتنا بھاری بل کہاں سے ادا کرنے سے قاصر ہیں۔
دھرنے پر بیٹھے زمیندار اور صارفین نے کہا کہ ہم کس سے فریاد کریں کوئی سننے والا نہیں ہم ”کے الیکٹرک”کے اعلیٰ احکام کے بغیر اور لسبیلہ کی بے اختیار ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات نہیں کرینگے اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات جلد تسلیم نہیں کئے جاتے تو ہم سخت لائحہ عمل طے کرنے پر مجبور ہوں گے اور اگر ہمارے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا تو ہم زیادہ دیر تک پرامن نہیں رہیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ”کے الیکٹرک”اور ضلعی انتظامیہ پر عائدہوگی۔